
ایکسائز پولیس اسٹیشن خیبر کے زیر اہتمام “منشیات سے پاک معاشرہ” آگاہی مہم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ مہم سیکریٹری ایکسائز خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالعلیم خان کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر نارکوٹکس توصیف خان کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبہ بھر میں جہاں منشیات کی روک تھام کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، وہیں عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سیمینارز اور تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایکسائز پولیس اسٹیشن خیبر نے سیو لائف اینٹی ڈرگ اسپتال اور سیو لائف فاؤنڈیشن کے تعاون سے آگاہی تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب کا مقصد منشیات کے نقصانات اور ان کے معاشرتی و جسمانی اثرات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر ریہیب سینٹر میں علاج مکمل کرنے والے نشے کے عادی مریضوں کے 120 روز مکمل ہونے پر ان کی بحالی اور خاندانوں میں واپسی کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب میں چیئرمین سیو لائف فاؤنڈیشن حکیم خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاور محترمہ شوانہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نور محمد محسود، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فتح خان، ایس ایچ او خیبر شیراز خان سمیت دیگر شرکاء نے شرکت کی۔ایس ایچ او خیبر شیراز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے اور عوامی شعور ہی اس لعنت کے خاتمے کی اصل کنجی ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور علما سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کے لیے کردار ادا کریں۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شوانہ نے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ اور سول سوسائٹی کے اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی آگاہی مہمات نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے میں معاون ثابت ہوں گی۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے منشیات کے خلاف آگاہی اور انسداد کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں ایس ایچ او خیبر شیراز خان نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی، ان کی بحالی پر مبارکباد دی اور مستقبل میں منشیات سے مکمل پرہیز کی تلقین کی۔
![]()