پشاور: مسلم مارکیٹ صدر روڈ کے تاجروں نے کینٹونمنٹ بورڈ پشاور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے سابقہ وعدے کے مطابق خستہ حال مسلم مارکیٹ کو مسمار کر کے جدید طرز کا پلازہ تعمیر کرے اور دکانداروں کو ان کے قانونی مالکانہ حقوق کے مطابق دکانیں فراہم کرے۔ یہ مطالبہ مسلم مارکیٹ تاجر تنظیم کے چیئرمین ارشد شہزاد، صدر حمداللہ، فضل ربی اور دیگر عہدیداروں نے پشاور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلم مارکیٹ کے دکاندار اپنی اپنی دکانوں کے باقاعدہ مالکان ہیں اور انہیں یہ حقوق لیز ہولڈر ملک افتخار کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ اور سول کورٹ میں جمع کرائے گئے انڈرٹیکنگ کے تحت منتقل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں نے ہمیشہ کینٹونمنٹ بورڈ کے قواعد و ضوابط کا احترام کیا ہے اور مارکیٹ میں کسی بھی تعمیر یا مرمت کے دوران بورڈ کے اعتراضات کو تسلیم کرتے ہوئے قانون کے مطابق عمل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کینٹونمنٹ بورڈ نے مسلم مارکیٹ کو مسمار کر کے جدید پلازہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم تاحال اس پر کوئی عملی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ تاخیر ختم کر کے فوری طور پر تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے۔
پریس کانفرنس میں بعض عناصر کی جانب سے لیز ہولڈر کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی بھی مذمت کی گئی۔ تاجر رہنماؤں نے لیز ہولڈر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کینٹونمنٹ بورڈ اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دکاندار صرف اپنے قانونی اور آئینی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عدالتوں میں طے شدہ انڈرٹیکنگ کے مطابق انہیں نئی تعمیر ہونے والی عمارت میں دکانیں فراہم کی جائیں۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے