باڑہ (نمائندہ خیال مت شاہ آفریدی)
عوامی نیشنل پارٹی ضلع خیبر کے رہنما عبدالرازق آفریدی نے پارٹی کارکنان اور ذمہ داران کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سے تیراہ کے عوام سے فوری معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ باڑہ خیبر چوک میں تیراہ متاثرین کے پرامن احتجاج کو غیر جمہوری انداز میں روکنا اور اے این پی کے کارکنان پر تشدد کرنا قابلِ مذمت اور آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق احتجاج ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے اور اسے طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش جمہوری اقدار کے منافی ہے۔
عبدالرازق آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان کا رویہ سیاسی عدم برداشت کی عکاسی کرتا ہے اور یہ تیراہ کے متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ اس واقعے پر عوام سے معافی مانگیں اور ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے۔
انہوں نے ڈی پی او خیبر سے بھی مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو پرامن احتجاج میں رکاوٹ ڈالنے کی جرات نہ ہو۔
اے این پی رہنما نے واضح کیا کہ ان کی جماعت شہیدوں کی پارٹی ہے اور ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیراہ متاثرین کے جائز مطالبات سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹا جائے گا اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیر اعلیٰ نے معافی نہ مانگی تو پی ٹی آئی کی ہر افتتاحی تقریب اور جلسے میں سیاسی ردعمل دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں حاجی شیرین فرہاد ایڈوکیٹ، صدیق چراغ، حاجی عبدالواحد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ دو روز بعد پشتہ خرہ چوک میں تیراہ متاثرین کے حقوق کے لیے اے این پی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے