پشاور (پ ر) باچا خان ٹرسٹ نے فخرِ افغان خان عبدالغفار خان المعروف باچا خان کی زندگی، جدوجہد اور خدائی خدمتگار تحریک کے تاریخی و فکری پس منظر پر مبنی ایک جامع ڈرامہ سیریز بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اہم منصوبے کے لیے پشتو ڈرامہ انڈسٹری کے نامور لکھاری، محقق، شاعر اور صحافی نورالبشر نوید کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، جو اس سیریز کا مستند اور تحقیقی بنیادوں پر مبنی اسکرپٹ تیار کریں گے۔
سی ای او باچا خان ٹرسٹ سینیٹر ایمل ولی خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایگزیکٹو آفیسر اکبر درانی نے منصوبے پر عملی پیش رفت کو یقینی بنایا۔ اس سلسلے میں باچا خان ریسرچ سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فضل رحیم مروت کی مشاورت سے ایک خصوصی ریسرچ کمیٹی قائم کی گئی، جس کا پہلا اجلاس باچا خان مرکز پشاور میں ڈاکٹر فضل رحیم مروت کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں نورالبشر نوید سمیت خدائی خدمتگار آرگنائزیشن کے سالارِ اعظم انجینئر اعجاز یوسفزئی، ڈاکٹر سجاد ژوندون، ڈاکٹر عالم یوسفزئی، ڈاکٹر سہیل خان، ڈاکٹر شیرزمان سیماب، ڈاکٹر اسفندیار درانی، ڈاکٹر گلزار جلال، اویس کمال مروت، اکبر ہوتی ایڈوکیٹ اور دیگر محققین و ادیبوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اسکرپٹ کو فکری، تاریخی اور فنی اعتبار سے مؤثر، مستند اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باچا خان کے پیغامِ امن، عدم تشدد، خدائی خدمتگاروں کی قربانیوں اور سماجی اصلاح کے وژن کو نئی نسل تک مؤثر اور جدید انداز میں پہنچایا جائے گا۔ شرکاء نے اسکرپٹ اور دیگر انتظامی امور پر قیمتی تجاویز پیش کیں۔
ریسرچ کمیٹی کی جانب سے تحقیقی کام مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر اسکرپٹ کی تیاری کا آغاز کیا جائے گا۔ بعد ازاں پاکستان ٹیلی وژن کے موجودہ اور سابق ڈائریکٹرز پر مشتمل ایک ڈائریکشن ٹیم تشکیل دی جائے گی تاکہ اس تاریخی منصوبے کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ منصوبے کی نگرانی کے لیے انگازے پروڈکشن اور باچا خان ریسرچ سنٹر پر مشتمل مشترکہ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے