بنوں (نمائندہ خصوصی) — بنوں کے تھانہ کینٹ ممند خیل کے علاقے میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں سات دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید اور متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کے مطابق پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن میں مصروف تھیں کہ اچانک دہشتگردوں نے گھات لگا کر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں سات دہشتگرد مارے گئے، جب کہ کئی دہشتگرد زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔

کارروائی کے دوران پولیس اہلکار عابد خان جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ سات اہلکار اور چار شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔شہید پولیس اہلکار عابد خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی، ایس پی سٹی توحید خان، ایس پی انوسٹی گیشن ساجد ممتاز، پاک فوج کے افسران، کمشنر بنوں ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، شہید کے ورثاء اور بڑی تعداد میں پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر افسران نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کے ہار رکھے اور سلامی پیش کی۔

ڈی پی او بنوں نے کہا کہ شہید اہلکار ہمارا فخر ہیں جنہوں نے ملک و قوم کے امن کے لیے اپنی قیمتی جان قربان کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن مزید تیز کر رہی ہے، اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔دوسری جانب، ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زخمی پولیس اہلکاروں انور اللہ اور ہاشم خان کی عیادت کی۔

انہوں نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی، ان کے حوصلے بلند کیے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کا شکریہ ادا کیا اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی سجاد خان نے کہا کہ بنوں پولیس فورس کے بہادر افسران اور جوان دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کے سامنے سینہ سپر ہیں، اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے