

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن کے تحت صوبے میں پولیس اصلاحات، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اقدامات اور تعمیری ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی کے طور پر کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں قائم نئی پولیس چوکی سیفن کا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں ایس پی صدر ڈویژن رضا محمد خان، ڈی ایس پی بڈھ بیر ظفر خان، ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر اکرم جان، انچارج چوکی صفدر خان سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکار شریک تھے۔تقریب کے دوران ایس پی صدر ڈویژن رضا محمد خان نے سی سی پی او پشاور کو چوکی میں تعینات نفری، دستیاب سہولیات اور مجموعی سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ان کے مطابق چوکی کے قیام سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی، جبکہ پولیس اہلکاروں کو بہتر رہائش، آرام دہ ماحول اور عوام کے احساسِ تحفظ میں اضافہ ممکن ہوگا۔اس موقع پر سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پولیس چوکی کی عمارت، اندرونی و بیرونی سکیورٹی انتظامات، اور اہلکاروں کے رہائشی حصے کا تفصیلی معائنہ کیا۔انہوں نے موقع پر موجود افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں، عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ پشاور میں امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔- سی سی پی او پشاور کا بیان:> “پولیس چوکی سیفن کا قیام علاقے کے عوام کے احساسِ تحفظ میں اضافہ کرے گا۔ ہماری اولین ترجیح شہریوں کا اعتماد حاصل کرنا اور امن و امان کو مزید مستحکم بنانا ہے۔”
![]()