
چین نے ایک بار پھر پاکستان پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوست ملک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات یا ممکنہ معدنیاتی تعاون سے چین کے مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے معمول کی پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان نے چین کو مکمل اعتماد میں لیا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات یا معدنیاتی منصوبوں پر تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک اعتماد، دوطرفہ تعلقات اور شراکت داری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ترجمان نے اُن میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو ایسے معدنیاتی یا ریئر ارتھ نمونے دکھائے جو چین کے حساس منصوبوں یا مفادات سے متعلق ہوسکتے ہیں۔چینی ترجمان نے کہا کہ یہ رپورٹس پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔ ایسی خبریں یا تو غلط معلومات پر مبنی ہیں یا جان بوجھ کر پھیلائی گئی ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی پیدا کی جا سکے۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے امریکا کو دکھائے گئے معدنی نمونے چین کے کسی منصوبے سے منسلک نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں اور ہماری آہنی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ چین کے حالیہ ریئر ارتھ ایکسپورٹ کنٹرول اقدامات کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔یہ اقدامات چین کے اپنے برآمدی کنٹرول نظام کو قوانین اور ضوابط کے مطابق بہتر کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔
![]()