لاہور: خطے میں جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والی غیر معمولی معاشی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہنگامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی حکومت نے پیٹرولیم بحران اور معاشی دباؤ سے نمٹنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں 10 مارچ سے 31 مارچ تک تمام اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے جبکہ تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لے سکیں گے۔حکومت نے پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لیے سرکاری فیول کی فراہمی بند کرنے کا بڑا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل الاونس میں 50 فیصد فوری کمی کر دی گئی ہے۔مزید برآں صوبائی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ساتھ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ناگزیر سکیورٹی کے لیے صرف ایک گاڑی کی اجازت ہوگی۔سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر آئے گا جبکہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے آن لائن اجلاس اور ٹیلی کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔صوبائی حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے ای بزنس اور “مریم کی دستک” کے تحت سرکاری سروسز جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ہارس اینڈ کیٹل شو کا ثقافتی تہوار بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ پیٹرولیم مانیٹرنگ کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو پیٹرولیم مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے۔ اس ٹیم میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، پیرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نجی شعبے کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ورک فرام ہوم اپنائیں، غیر ضروری تقریبات سے گریز کریں اور صرف ضروری عملہ ہی دفاتر میں بلائیں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد پر بھی کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ بحرانی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری آؤٹ ڈور تقریبات اور لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں اور ضروری اشیا کی بلاوجہ خریداری یا ذخیرہ اندوزی نہ کریں۔انہوں نے مشکل حالات میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو درپیش بحران میں قیادت نے جراتمندانہ اقدامات کیے ہیں۔وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ مشکل حالات میں قوم کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کہا کہ بہادر قومیں مشکل حالات کا مقابلہ اتحاد، صبر اور دانشمندی سے کرتی ہیں۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے