
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں پاکستانی ایگزیکٹو فورم (PEF) کے زیرِ اہتمام دوسرے گلوبل ایوارڈز کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں کاروباری شخصیات کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے PEF کے عہدیداران اور ایوارڈ حاصل کرنے والی شخصیات کو مبارکباد دی اور کہا کہ گلوبل ایوارڈز کی تقریب ملکی معیشت کے استحکام اور کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے بہترین اقدام ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل اور اسٹریٹجک محلِ وقوع کی بدولت سرمایہ کاری کے لیے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور وسطی ایشیا کے لیے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اور صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔
گورنر نے کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور کہا کہ مشترکہ کوششوں سے صوبے کو تجارتی اور کاروباری سطح پر بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا بہت جلد ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک نمایاں مقام حاصل کرے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس سرمایہ کاری کے فروغ، صنعت کاری، ایس ایم ایز کی معاونت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ہر مثبت اقدام میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔
![]()