بنوں میران شاہ روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی کی گاڑی پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی دو پولیس محافظوں سمیت شہید ہوگئے۔ شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریباً 10 بجے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی اپنے محافظ اسکواڈ کے ہمراہ میران شاہ سے پشاور ہائیکورٹ برانچ بنوں آرہے تھے کہ بنوں میران شاہ روڈ پر پہلے سے چھپے دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان، کانسٹیبل سید رحمان، کانسٹیبل خیرالرحمان اور ایک راہگیر شہید جبکہ دو کانسٹیبلان زخمی ہوگئے۔

شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی جس میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، آئی جی پی ذوالفقار حمید، ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان، کمشنر بنوں خالد محمود، بریگیڈیئر عمیر خان نیازی، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈی پی او شمالی وزیرستان سجاد حسین، ڈپٹی کمشنر محمد فہیم خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد سمیت دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ شہداء کے تابوتوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے کارِ سرکار کی ادائیگی کے دوران ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

حکام نے مزید کہا کہ بنوں ریجن میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے، اور عوام کے تعاون سے امن کے دشمنوں کو ہر حال میں ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے