
پشاور (مدثر زیب سے): پشاور پولیس نے اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے خطرناک اسلحہ بردار سنیچرز کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی علاقہ آفریدی گڑھی میں واقع ایک باربر شاپ میں اس وقت عمل میں آئی جب تین مسلح راہزن شہریوں کو اسلحہ کی نوک پر لوٹنے میں مصروف تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کی آمد پر ملزمان نے باارادہ قتل فائرنگ کی، تاہم خوش قسمتی سے پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت ابوبکر عرف چونا ولد شیر محمد سکنہ شہید آباد، شاہ جہان ولد شعیب سکنہ افغانستان حال شیخ آباد، اور سید ولد گل پرویز سکنہ نشتر آباد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فونز، واردات میں استعمال شدہ دو پستول، اور 125cc موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے پولیس ٹیم کی بروقت، جوانمردانہ اور کامیاب کارروائی پر انہیں نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر جرائم کا سراغ لگایا جا سکے۔
![]()