خاتون نے پلازہ ہم پر فروخت کیا، بدلے میں نقدی اور 18 مرلے کا پلاٹ لیا، طارق خان ہوتی
پشاور(مدثر زیب سے) پشاور کے مصروف ترین مسلم مینا بازار،علی مارکیٹ، حسن پلازہ کے دکاندار پلازہ کی ملکیت اور خاتون کی دعویداری کے حوالے سے پشاور پریس کلب پہنچ گئے۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حسن پلازہ کے دکانداروں عالمگیر، محمد آصف، حاجی ثمین جان، حاجی رسول جان، حاجی ظریف، پلازہ مالک طارق خان ہوتی، وقار الرحمن اور عقیل ربانی نے کہا کہ گزشتہ دنوں عابدہ خاتون نے ہم دکانداروں کے خلاف پریس کانفرنس کی جو کہ بالکل دروغ گوئی اورغلط بیانی پر مبنی ہے، پلازہ مالک طارق خان ہوتی اور دکاندار عالمگیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 9-12-2024 کو مذکورہ پلازہ عابدہ خاتون نے ہم پر 9 کروڑ 40 لاکھ روپے میں فروخت کیا جس میں سے 5 کروڑ 20 لاکھ روپے نقد لئے جبکہ باقی پیسوں کے بدلے میں ہم نے اس خاتون کو 18 مرلے پلاٹ حوالے کر دیا۔ اس سے قبل اس خاتون نے واجب الرحمن نامی افغان مہاجر کے نام اس مارکیٹ کا مختیار نامہ کرا رکھا تھا جس کا ہمیں علم نہیں تھا۔ مارکیٹ اور پلاٹ کے اقرار نامہ کے مطابق یہ بیان تھا کہ جس دن پلازہ ٹرانسفر ہو گا اسی دن پلاٹ بھی ٹرانسفر ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس 18 مرلے پلاٹ میں ایک کچا مکان ہے جس کا کرایہ اب بھی یہ خاتون لے رہی ہے جس کے تمام تر ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔اب چونکہ اس پلازہ پر اس خاتون سمیت کسی کی بھی ملکیت نہیں بنتی تو یہ خاتون کس قانون کے تحت روزانہ آتی ہے، دکانداروں پر دھونس جماتی ہے اورپولیس کو بلا کر دکانداروں کو ذہنی اذیت سے دوچار کر تی ہے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او عابدہ خاتون کے کہنے پر روزانہ آتا ہے اور دکانداروں کو اٹھاتا ہے اور اب تو پولیس کا روزانہ کا معمول بن گیا ہے کہ سرشام آکر زبردستی دکانداروں کو مجبور کرتی ہے کہ اس خاتون کے ساتھ نئے کرایہ نامہ کے سٹام کئے جائیں جو کہ غیر قانونی ہے کیونکہ اس خاتون نے یہ پلازہ ہم پر فروخت کیا ہے اورا ب ہم اس کے مالک ہیں، اس بارے میں اس خاتون نے گزشتہ دنوں ہم چند افراد پرایف آئی آر درج کرا دی، ہم نے اس ظلم کے خلاف ایس ایچ او سے بھی ملاقات کی اور انہیں اس حوالے سے اپنا موقف بتایا، اس کے بعد علاقہ ایس پی، ڈی ایس پی اور سی سی پی او کے دفتر بھی گئے جہاں ہماری درخواست پر ایس ایس پی کوآرڈینیشن کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا اور سات دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ خاتون دو نمبری کے ذریعے اب پلازہ بھی ہتھیانے کی کوشش کر رہی ہے اور پلاٹ پر بھی اپنا قبضہ جمائے بیٹھی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ، آئی جی پی و دیگر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم عزت دار لوگ ہیں اور یہ خاتون ہمیں عدالتوں میں گھسیٹ رہی ہے اور ہم پر بے جا ایف آئی آر کروا رہی ہے، اس ظلم کا نوٹس لیا جائے۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے