ہری پور (مدثر زیب سے) ضلع ہری پور سرائے نعمت خان میں حضرت جنرل پیر سخی سائیں علی محمد سرکار کے 30 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا انعقاد 3 شعبان سے 6 شعبان تک کیا گیا۔سرائے نعمت خان میں واقع اس دربار میں زائرین کی آمد سارا سال جاری رہتی ہے جبکہ عرس کے دنوں میں یہاں تل دھرنے کو جگہ نہیں ہوتی۔ گردونواح کے عوام عرس شروع ہونے سے پہلے ہی ڈیرہ جما لیتے ہیں ، دربار میں تین وقت لنگر بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ عرس کے موقع پر دربار کے باہر چھوٹی چھوٹی دکانوں پر مشتمل بازار بھی لگایا جاتا ہے جہاں خریداروں کے ٹھٹ کے ٹھٹ لگ جاتے ہیں۔ 3شعبان المبارک کو قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ ہی عرس کا آغاز ہوتا ہے جبکہ رات کو 3 بجے دربار کو غسل دیا جاتا ہے، چادریں چڑھائی جاتی ہیں اور نعت خوانی کی جاتی ہے۔ 4 شعبان کو لنگر تقسیم کے بعد نعت خوانی اور قوالی ہوتی ہے، عرس کے موقع پر دور دراز سے ڈالیاں بھی لائی جاتی ہیں ۔ ملک بھر کے علاوہ دنیا بھر سے اُن کے معتقدین عرس کی تقریبات میں شریک ہوتے ہیں۔ خاص طور پر پشاور سے آنے والے لوگ جو عرصہ دراز سے عرس میں شرکت کیلئے آ رہے ہیں۔پشاوری حلوہ یہاں شوق سے کھایا جاتا ہے، پشاوری سازوسامان، خوردنی اشیاء اپنے ساتھ لاتے ہیں اور ان چار دنوں میں تمام زائرین کے لئے منوں کے حساب سے حلوہ پکایا اور تقسیم کیا جاتا ہے۔6 شعبان کو عرس مبارک کا اختتام سجادہ نشین محمد بشیر بابر کی دعائوں سے کیا گیا۔
![]()