پشاور میں کیمیکل ڈور مافیا نے پر پھیلا لئے، عوام کا فوری کارروائی کا مطالبہ
نوشہرہ(نمائندہ خیبرنامہ) خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں قاتل ڈور نے ایک اور معصوم جان کو خون میں نہلا دیا۔ ایسٹ سکول اینڈ کالج کا طالبعلم محمد عارفین ساکن جہانگیرہ ضلع صوابی گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں گلے پر قاتل کیمیکل ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ مقامی افراد نے زخمی حالت میں طالبعلم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتا جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق شہر اور گردونواح میں پتنگ بازی کے دوران کیمیکل لگی ڈور کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ اس ضمن میں پشاور کے شہریوں نے بتایا کہ یہ غیر قانونی دھندا دھڑلے سے جاری ہے، اور کئی نوجوان حتیٰ کہ بچے بھی اس قاتل ڈور کا شکار ہو چکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور میں کیمیکل ڈور اور پتنگ فروخت کرنے والے مافیا نہ صرف کھلے عام یہ کاروبار کر رہے ہیں بلکہ اسے صوبے کے مختلف علاقوں اور پنجاب تک بھی سمگل کیا جا رہا ہے۔عوام نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مجرم گروہوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔

![]()