وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی دھماکے کی شدید مذمت، شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے امن و امان کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا
ہنگو (نمائندہ خیبرنامہ) ہنگو میں دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔دھماکوں میں ایک اہلکار زخمی ہواجسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے غلمینہ چیک پوسٹ کو دھماکے سے نشانہ بنایا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس پی آپریشن اسد زبیر بھاری پولیس دستے کے ساتھ جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے تو راستے میں ہی پولیس گاڑی کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایس پی سمیت تین اہلکار موقع پر شہید ہو گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی جبکہ پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہنگو میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔وزیر اعلی نے امن و امان کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملے سی ٹی ڈی اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، انہوں نے کہا کہ شہید ایس پی آپریشنز اور دو پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جبکہ امن کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہنگو بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے ایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی اسد زبیر اور دونوں پولیس اہلکاروں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا،کے پی کے پولیس کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

![]()