رمضان المبارک ہمیں خدمتِ خلق، بھائی چارے اور ایثار کا درس دیتا ہے، ارشاد کریم
پشوری کارواں کا مشن ہے کہ ضرورت مند افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے، پروفیسر نثار احمد
پشاور (مدثر زیب سے) رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ آتے ہی پشاور بھر میں جا بجا دسترخوان لگ جاتے ہیں جہاں نادار و مستحق افراد کو افطاری کرائی جاتی ہے جبکہ اکثر مقامات پر صاحب ثروت افراد غریب غرباء میں افطاری پیکجز بھی تقسیم کرتے ہیں۔پشوری کارواں ویلفیئر آر گنائزیشن بھی اس میدان میں پیچھے نہیں جہاں پشوری کارواں کے بینر تلے روزانہ اڑھائی سو سے تین سو نادا ر افراد افطاری کرتے ہیں ۔ پشوری کارواں ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین ارشاد کریم اورآرگنائزیشن کے روح رواں پروفیسر نثار احمد نے پشوری کارواں کے قیام کے مقاصد، خدمات ،خصوصاً رمضان المبارک میں افطار دسترخوان، مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم اور نادار افراد کی مدد کے مشن کے حوالے سے ”خیبرنامہ” سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ 2020 ء سے پشوری کارواں ویلفیئر آرگنائزیشن کا آغاز کیا گیا جس کا مقصد صرف مدد فراہم کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں بھائی چارے، محبت اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ہر سال یکم سے 30رمضان المبارک تک پشوری کارواں ویلفیئر آرگنائزیشن کے بینر تلے عام عوام کے لئے دسترخوان کا اہتمام کیا جاتا ہے اور پشاور کے دل لاہوری چوک میں رمضان المبارک افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں ڈھائی تین سو لوگ روزانہ افطار کرتے ہیں۔ یہ تمام انتظام پشوری کارواں اپنے طور پر کرتا ہے جبکہ اکثر و بیشتر مخیر حضرات بھی سامان وغیرہ مہیا کرتے ہیں۔


”خیبرنامہ” کے نمائندے مدثر زیب سے خصوصی گفتگو کے دوران ارشاد کریم اور پروفیسر نثار احمد نے بتایا کہ رمضان المبارک ہمیں خدمتِ خلق، بھائی چارے اور ایثار کا درس دیتا ہے، اور پشوری کارواں کا مشن یہی ہے کہ ضرورت مند افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے، پشوری کارواں غریب اور نادار لوگوں کو روزگار مہیا کرتا ہے، پشوری کارواں زکوٰة اور خیرات نہیں دیتا بلکہ غریبوں و ناداروں کو چھوٹا موٹا کاروبار شروع کرا کے دیتا ہے جس سے روزانہ کی بنیاد پر آمدن ہو اور غریب کا چولہا جلتا رہے۔ مستحق لوگ خود کمائیں اور خود اپنے بچوں پر خرچ کریں ۔
انہوں نے بتایا کہ 2025 میں 25 افراد کیلئے پشوری کارواں ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے مختلف کاروباروں کا آغاز کیا گیا ،مختلف قسم کے کاروبار جن میں اگر کوئی لوہار ہے تو اس کو لوہاری کے اوزار خرید کے دیئے گئے، اگر کوئی سبزی فروش ہے تو اس کیلئے ٹھیلے اور سبزی کا انتظام اسی طرح دیگر شعبہ جات میں نادار افراد کی مدد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ہر روز رضاکار دن بھر محنت کر کے دسترخوان کی تیاری مکمل کرتے ہیں۔ افطار میں کھجور، فروٹ چاٹ، سموسے، پکوڑے ، چاول، چکن، سبزی اور ٹھنڈے مشروبات کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ روزہ دار حضرات باعزت طریقے سے افطار کر سکیں۔پشوری کارواں ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین ارشاد کریم نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس نیک مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک سہولت پہنچائی جا سکے۔
![]()