پشاور پریس کلب کی جنرل باڈی کا سالانہ اجلاس ہفتہ کے روز پشاور پریس کلب میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری طیب عثمان اعوان، جائنٹ سیکرٹری گلزار خان، گورننگ باڈی کے اراکین فرید اللہ خان، عرفان موسی زئی، زاہد میروخیل، عمران ایاز، ارشاد میدان، شکیل احمد صدیقی سمیت ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں منتخب باڈی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں کارکن صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے صدر ایم ریاض کی قیادت میں انجام دی گئی سرگرمیوں، مختلف کمیٹیوں کی کارکردگی اور رواں سال کے دوران منعقدہ پروگرامز پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ جنرل باڈی نے کارکردگی رپورٹ کو سراہتے ہوئے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

اجلاس کے دوران پریس کلب کے مالیاتی امور کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ رپورٹ میں رواں سال بہترین مالیاتی ڈسپلن، شفافیت اور ذمہ دارانہ طریقہ کار اختیار کیے جانے پر منتخب باڈی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اور حسابات کو بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

جنرل باڈی نے دسمبر کے آخری ایام میں ہونے والے سالانہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی۔ کمیٹی کے چیئرمین سینئر صحافی شاہد حمید ہوں گے جبکہ ممبران میں عمیر یاسر، بلال احمد، ناصر داوڑ اور شاہد خان شامل ہوں گے۔

ارکان کی ایک بڑی تعداد کو درپیش معاشی مشکلات، بیروزگاری اور مختلف اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث، گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پریس کلب کے معزز ممبران کی سالانہ فیس کی معافی کی متفقہ منظوری دی گئی۔

جنرل باڈی نے رواں سال بھی معزز اراکین، ان کے بچوں اور فیملیز کے لیے چاچا یونس پارک میں فن فئیر اور آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد کی منظوری دی۔ تقریب کے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈا پور ہوں گے، جن کے دور میں کارکن صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے۔ اجلاس میں اُمید ظاہر کی گئی کہ موجودہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان بھی صحافیوں کے لیے مثبت اقدامات کریں گے۔

سالانہ کارکردگی رپورٹ میں صحافیوں کے لیے نیو پشاور ویلی میں میڈیا انکلیو کے قیام سمیت دیگر فلاحی منصوبوں پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سید شہاب علی شاہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

اجلاس کا آغاز پریس کلب کے چند معزز اراکین کے عزیزوں کی وفات پر فاتحہ خوانی سے ہوا۔ بعدازاں کلب کی تعمیر و مرمت، تزئین و آرائش، سہولیات کی بہتری اور ارکان کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پر ممبران نے صدر ایم ریاض اور ان کی ٹیم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر ایم ریاض اور جنرل سیکرٹری طیب عثمان اعوان نے اس موقع پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونٹی ڈیموکریٹک پینل نے اپنی کامیابی کے بعد "خدمت، عزت اور شراکت” کے ایجنڈے کے تحت پورا سال ممبران کو مکمل احترام دیا، ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھا اور فلاح و بہبود کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز شفاف انداز میں تقسیم کیے۔ سال بھر ریکارڈ پروگرامز منعقد کیے گئے اور ممبران کی فیملیز کو پریس کلب کی تقریبات میں شامل کرنے کا اعزاز بھی موجودہ کابینہ کے حصے میں آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیو پشاور ویلی میڈیا انکلیو کے حوالے سے متعلقہ حکام کی بریفنگ کی تجویز سے بھی اتفاق کیا جاتا ہے۔ آخر میں امید ظاہر کی گئی کہ دسمبر میں آنے والی نئی باڈی بھی اسی جذبے کے ساتھ خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ارکان کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے گی۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے