
تبیلیسی(محمد مبین سے) جارجیا کا دارالحکومت تبیلیسی اپنی اُن حسین تہہ در تہہ کہانیوں کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کو مسحور کرتا ہے جو صدیوں پر محیط تہذیبوں، سلطنتوں اور ثقافتی میل جول سے جڑی ہیں۔ یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع یہ شہر برف پوش قفقاز کی چوٹیوں سے لے کر فارسی ریگزاروں تک پھیلی تہذیبوں کے درمیان ایک ایسے پل کی مانند ہے جہاں تاریخ، فن، طرزِ زندگی اور جدیدیت ایک ساتھ سانس لیتے ہیں۔
قدیم حماموں سے جدید فن پاروں تک
تیبلیسی کی شناخت کا مرکز اس کا قدیم علاقہ ابانوتوبانی ہے، جہاں زیرِ زمین 40 ڈگری گرم قدرتی سلفر چشمے صدیوں سے شہر کی روح کو حرارت بخشتے آئے ہیں۔ انہی چشموں کے اوپر بنے گنبد دار حماموں میں گولو تھرمل اسپا آج بھی اپنی قدیم شان و ثقافت برقرار رکھے ہوئے ہے۔وہیں قریب جُمعہ مسجد واقع ہے جو اپنی طرز کی منفرد عبادت گاہ ہے، کیوں کہ یہاں اہلِ سنت اور اہلِ تشیع مسلمان ایک ہی مسجد میں نماز ادا کرتے ہیں، جو تیبلیسی کی مذہبی ہم آہنگی کی روشن مثال ہے۔
ناریکالا قلعہ اور شہر کا پینورامک حسن
حماموں کے بالائی حصے پر واقع ناریکالا قلعہ چوتھی صدی میں تعمیر ہوا تھا اور اس نے عرب، منگول، ایرانی اور عثمانی حکمرانوں کے ادوار کو قریب سے دیکھا ہے۔ قلعے تک پہنچنے کے لیے کیبل کار کا سفر ہو یا پائن کے درختوں سے ڈھکی پہاڑیوں پر چڑھائی—دونوں راستے شہر کے دلفریب نظاروں سے بھرپور ہیں۔ قریب ہی مادر آف جارجیا کا مجسمہ موجود ہے جو مہمان نوازی اور بہادری کی علامت ہے۔

ثقافتی شاہراہ — رسٹاویلی ایونیو
تیبلیسی کی دھڑکن سمجھی جانے والی رسٹاویلی ایونیو پر شاندار تھیٹرز، میوزیمز اور آرٹ گیلریز موجود ہیں۔ یہاں کی عمارتیں مورش، باروک اور بروٹلسٹ طرزِ تعمیر کے حسین امتزاج کی تصویر پیش کرتی ہیں۔
ٹیلی گراف ہوٹل — ایک نیا مگر تہذیبی لمس
قیام کے لیے ٹیلی گراف ہوٹل غیر معمولی انتخاب ہے۔ سابق سوویت پوسٹ آفس کی عمارت کو جدید مگر ثقافتی شناخت کے ساتھ ہوٹل میں تبدیل کیا گیا ہے۔ اس کے وسیع ہال، ٹیرّازو فلورز، آرکیٹیکچرل اٹریئم، شاندار کمروں، اسپا اور وائن لائبریری میں گزارا ہوا ہر لمحہ شہر کی جدید روح کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔
حلال کھانوں سے بھرپور جارجیائی ذائقے
تیبلیسی کا کھانا شہر کی طرح متنوع ہے۔ سپرا ریسٹورنٹ میں ترک-جارجیائی ذائقوں کا امتزاج، شیمویکھیدے گیناتسوالے میں کلاسک جارجیائی کمفرٹ فوڈ، بیروٹ پاشا میں لبنانی پکوان اور شہر کے دیگر ریستوران حلال آپشنز کے شوقین سیاحوں کے لیے مثالی انتخاب پیش کرتے ہیں۔جارجیا کی روایتی چرچخیلا—اخروٹ اور انگور کے رس سے بننے والی مٹھائی—ہر مسافر کے لیے لازمی سوغات ہے۔
ڈَرائی برج مارکیٹ اور مقامی کاریگری
پرانے تیبلیسی کی روح کو سمجھنے کے لیے ڈرائی برج مارکیٹ بہترین مقام ہے، جہاں سوویت دور کے میڈلز، پرانے فون، کارپٹس، فوٹوگرافز اور نوادرات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ فبرِکا اور ویرا کے علاقوں میں واقع اسٹوڈیوز اور بوٹیکس مقامی فنکاروں کی دستکاری کا بہترین مظہر ہیں۔

شہر سے باہر — تسیناندالی اسٹیٹ کا لازوال سفر
تیبلیسی سے باہر جارجیا کے مشہور کاخیتی وائن ریجن میں واقع تسیناندالی اسٹیٹ ایک دلکش روزانہ دورے کے لیے مثالی مقام ہے۔ یہ اسٹیٹ انیسویں صدی کے شاعر و امیرزادے پرنس الیگزینڈر چاوچاوادزے کا گھر رہی ہے، جو جارجیا میں یورپی طرز کی بوتلنگ کے بانی تصور کیے جاتے ہیں۔
اسٹیٹ کے زیرِ زمین تہہ خانے میں آج بھی اُن کے ذخیرے کی 16 ہزار سے زائد بوتلیں محفوظ ہیں۔
40 ہیکٹر پر پھیلے انگور کے باغات میں گیارہ اقسام اگتی ہیں، جبکہ اسٹیٹ کے وائن فیکٹری ٹور میں روایتی قویوری (زمین میں مدفون مٹی کے بڑے برتن) اور جدید اسٹیل ٹینکوں میں شراب کی تیاری کے مراحل دکھائے جاتے ہیں۔
ڈِیگس ٹیشن سیشن میں رقاتسیلی امبر وائن، سَپراوی ریزرو اور کیسی جیسی مشہور اقسام چکھنے کا موقع ملتا ہے۔
پُرتعیش قیام — ریڈیسن کولیکشن تسیناندالی
جو مسافر یہاں زیادہ وقت گزارنا چاہیں، اُن کے لیے اسٹیٹ کے اندر واقع ریڈیسن کولیکشن تسیناندالی پرتعیش قیام، کمروں سے کھلتے ہوئے انگور کے باغات کے مناظر، قفقاز پہاڑوں کا رخ کرتا روف ٹاپ انفینٹی پول اور پرسکون ویلنس سینٹر کسی خواب سے کم نہیں۔
![]()