
جلد مشہور جشن خیبر فیسٹیول کا بھی انعقاد کرنے جا رہے ہیں،سیکرٹری محکمہ سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد
پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے تعاون سے نشترہال پشاور میں ہسپانیہ کے فنکاروں نے اندلس کی دلکش اور روح پرورفلیمنکو لوک ثقافتی موسیقی اور فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف، کونسلر جنرل بارسلونا مراد وزیر، ڈائریکٹر ایڈمن و فنانس خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی عمر ارشد خان، ڈائریکٹر کلچر اجمل خان اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ اٹھارویں صدی میں اندلس کی دلکش وادیوں اور ابھرنے والا یہ فن دراصل تہذیبوں کے حسین سنگم سے جنم لینے والا نغمہ ہے جو کہ گیت، رقص اور گٹار نوازی تینوں سے مل کر انسانی جذبات، محبت اور کرب کو ایسی موسیقی میں ڈھالتا ہے جو دل کو چھو کرروح میں اتر جاتی ہے۔ ایسی ہی محفل گزشتہ روز نشترہال پشاور میں سجائی گئی جہاں ہسپانیہ سے آئے فنکاروں نے فلیمنکو رقص کے شاندار فن کا مظاہرہ پیش کیا جس میں بانسری، گٹارنوازی اور رقص نے نشترہال پشاور میں آئی فیمیلز کو خوب محظوظ کیا۔ تقریب میں سیکرٹری محکمہ سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کئی دہائیوں کے بعد نشترہال پشاور میں آج فیمیلز کو ثقافتی محفل میں جمع ہوتے دیکھا ہے جو کہ پشاور میں ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ جلد نشترہال میں مشہور جشن خیبر کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں جوکہ پہلے وقتوں میں یہاں منعقد ہوا کرتا تھا۔ اس موقع پر کونسلر جنرل بارسلونا مراد وزیر نے کہاکہ ان فنکاروں کو پشاورسمیت پاکستان بھر سے بہت پیار ملا اور یہاں کی مہمان نوازی سے بہت خوش ہوئے۔ ایسی سرگرمیوں کے انعقاد سے دونوں ممالک کی ثقافت کو دنیا کے سامنے لانے اور فروغ دینے کا باعث بنتی ہے۔ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دو دہائیوں سے شدت پسندی کے باعث بڑی سطح پر سرگرمیوں کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔نشترہال میں ہسپانوی رقص نے نہ صرف ثقافتی سرگرمیوں کا بحال کیا بلکہ یہاں کی فیمیلز کا رخ ایک مرتبہ پھر نشترہال کی جانب کردیا ہے۔تقریب کے آخر میں ہسپانیہ کے فنکاروں کو چترالی شال اور ٹوپیاں پہنائی گئیں۔

![]()