سانحہ تیراہ کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا
نمائندہ ضلع خیبر محمد اسلام آفریدی
وادی تیراہ آکاخیل شاڈلے میں حالیہ دنوں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ضلع خیبر باڑہ میں قوم اکاخیل کے چیف آف اکاخیل ملک ہاؤس پہنچے۔ گورنر نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے 21 شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں چیف آف اکاخیل ملک ظاہر شاہ، ملک زار باد خان، تحصیل چیئرمین مفتی کفیل، باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان، شاہ فیصل آفریدی، چراغ آفریدی، حاجی شیرین، سماجی شخصیت حاجی نصر اللہ خان، عجب خان، سہیل آفریدی اور مولانا حضرت خان سمیت درجنوں معتبر مشران شامل تھے۔ گورنر کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی ولایت خان، ڈاکٹر شیر شاہ اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک ہوئے۔قبائلی مشران نے گورنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی قسم کے مالی معاوضے یا وقتی اقدامات نہیں چاہتے بلکہ صرف مستقل امن اور قبائل کے قتلِ عام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اور سنجیدہ اقدامات نہ کئے گئے تو ایسے واقعات دوبارہ پیش آنے کا خدشہ برقرار رہے گا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے قبائل کے تحفظات کو بجا قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کی سلامتی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر اعظم اور صدر مملکت سے ملاقات میں باڑہ تحصیل کے عوام کے مطالبات اور تحفظات کو ضرور پیش کریں گے تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہوں۔باڑہ سیاسی اتحاد کے رہنماؤں نے صدر مملکت سے براہِ راست ملاقات کا مطالبہ بھی کیا تاکہ وہ امن و امان کے حوالے سے اپنے تحفظات اور مطالبات براہِ راست ان کے سامنے رکھ سکیں۔اجلاس کے اختتام پر شہداء کے ایصال ثواب اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ علاقے میں اب بھی سوگ کی فضا قائم ہے اور عوام حکومت سے عملی اقدامات کی توقع کر رہے ہیں۔
![]()