ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود احمد کی نو منتخب ڈی آر سی ممبران، پی ایل سی ممبران،علاقہ معززین کیساتھ تھانہ بڈھ بیر میں خصوصی ملاقات
پشاور (مدثر زیب سے) ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے ضلع پشاور کے نو منتخب (ڈی آر سی) ممبران، پی ایل سی ممبران اور علاقہ معززین کے ساتھ تھانہ بڈھ بیر میں خصوصی ملاقات کی ہے، اس موقع پر ایس پی صدر ڈویژن رضا محمد خان، ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل ظفر خان بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران ڈی آر سی کی مجموعی کارکردگی اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نو منتخب ممبران نے ایس ایس پی آپریشنز کو یقین دہانی کرائی کہ وہ عوامی مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کریں گے اور باہمی رضامندی کے ذریعے تنازعات کو ختم کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر ممبران کی جانب سے چند تجاویز بھی پیش کی گئیں، جن پر ایس ایس پی آپریشنز نے فوری طور پر متعلقہ پولیس افسران کو عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد نے کہا کہ ڈی آر سیز کے ذریعے مظلوم عوام کو ان کی دہلیز پر سستا، فوری اور باہمی رضامندی پر مبنی انصاف فراہم کرنا ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کمیٹیوں کے قیام سے عوام کو تھانوں اور عدالتوں کے چکر کاٹنے کی بجائے مقامی سطح پر ہی ان کے مسائل حل ہو رہے ہیں، جو کہ کمیونٹی پولیسنگ کی کامیاب مثال ہے۔ایس ایس پی آپریشنز نے زور دیا کہ فریقین کے درمیان باہمی افہام و تفہیم اور صلح صفائی کے ذریعے تنازعات کے حل سے معاشرتی ہم آہنگی اور امن و امان کو مزید تقویت مل رہی ہے، جو ڈی آر سیز کی کامیابی کی واضح دلیل ہے۔


![]()