باڑہ (خیال مت شاہ افریدی) تحصیل باڑہ میں سرکاری تعلیمی نظام کے تحت سالانہ سنٹرلائزڈ امتحانات کے انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جہاں 105 پرائمری سکولوں کے تقریباً 28 ہزار طلبہ امتحانات میں شریک ہوں گے۔ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفس باڑہ نے متعلقہ سکولوں کے اساتذہ کو باقاعدہ پرچہ جات فراہم کر دیے ہیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق امتحانات ایس ڈی او آفس باڑہ کی جانب سے جاری کردہ ٹائم ٹیبل کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سکول بیسڈ اسسمنٹ (SBA) کے تحت انگریزی، ریاضی اور جنرل سائنس کے امتحانات ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ٹیسٹنگ (DET) کے شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے، جبکہ سنٹرلائزڈ امتحانات میں ان مضامین کو شامل نہیں کیا گیا۔

سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر شیرزمان آفریدی، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی خیر محمد آفریدی (سرکل ون) اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خان فراز آفریدی (سرکل ٹو) نے مختلف سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز کے حوالے پرچہ جات کیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شیرزمان آفریدی نے بتایا، “تمام اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کی تعداد کے مطابق پرچہ جات کی فوٹو کاپیاں تیار کریں اور مقررہ شیڈول کے مطابق امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل باڑہ میں مجموعی طور پر 128 سرکاری سکول موجود ہیں، جن میں سے 23 سکول ونٹر زون میں واقع ہونے کے باعث فی الحال امتحانات سے مستثنیٰ رکھے گئے ہیں۔ ان سکولوں میں امتحانات بعد میں موسمی حالات کے مطابق لیے جائیں گے۔

تعلیمی ماہرین کے مطابق سنٹرلائزڈ امتحانی نظام کا مقصد طلبہ کی کارکردگی کا یکساں معیار پر جائزہ لینا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ تاہم، اساتذہ پر اضافی انتظامی ذمہ داریوں، جیسے پرچہ جات کی تیاری اور امتحانی نظم و نسق، کا بوجھ بھی بڑھتا ہے۔

مقامی اساتذہ نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فوٹو اسٹیٹ اور دیگر انتظامی امور کے لیے وسائل کی دستیابی ایک چیلنج ہو سکتی ہے، تاہم وہ امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔ باڑہ میں سالانہ امتحانات کا باقاعدہ آغاز تعلیمی سرگرمیوں میں تسلسل کی نشاندہی کرتا ہے۔ حکام کے مطابق ونٹر زون سکولوں کے امتحانات مناسب وقت پر لیے جائیں گے، جبکہ سنٹرلائزڈ نظام کے نتائج کی روشنی میں آئندہ تعلیمی پالیسیوں کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے