
ملزمان کے قبضے سے غیر ملکی سم کارڈ اور موبائل فون برآمد،مزید ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری
پشاور(رپورٹر: مدثر زیب) فقیرآباد پولیس نے اغواء کار گروہ کے خلاف دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے تاوان کے لئے اغواء ہونے والے تاجر کو بحفاظت بازیاب کراتے ہوئے اغواء کار گروہ کے تین ملزمان کو پولیس مقابلہ کے بعد گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی مدینہ کالونی کے رہائشی تاجر بلال ولد نذیر خان کو اغواء کر لیا گیا جب وہ اپنی دکان بند کر کے گھر واپس جا رہا تھا کہ اسی دوران تاجر کو گاڑی میں ڈال کرتاوان کی غرض سے اغواء کرلیا گیا بعد ازاں اغواء کاروں نے غیر ملکی نمبرز کے ذریعے مغوی کے اہلخانہ سے چار کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
واقعہ کے حوالے سے مغوی کے بھائی مدعی اکرام خان نے 5 نومبر 2025 کو تھانہ فقیرآباد میں نامعلوم ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کرائی، افسرانِ بالا نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مغوی کی بازیابی اور ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ایس پی فقیرآباد ڈویژن محمد ارشد خان کی نگرانی میں ڈی ایس پی فقیرآباد سرکل اعجاز نبی، ایس ایچ او تھانہ فقیرآباد بلال حسین اور تفتیشی افسر کامران مروت پر مشتمل خصوصی ٹیم نے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور مختلف علاقوں میں موثر کارروائی کے دوران حکمت و دلیری سے مغوی کو بحفاظت بازیاب کراتے ہوئے تین اغواء کاروں کو پولیس مقابلہ کے بعد گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی باارادہ قتل فائرنگ کی جس کے دوران اپنے ہی ساتھیوں سے ملزم ذلفان لگ کر زخمی ہوگیا،گرفتار ملزمان کی شناخت حماد، اسد پسران اشرف اور ذلفان ولد تاج محمد ساکنان سفید سنگ ریگی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اسد مغوی تاجر کے کاروبار میں بطور منشی کام کرتا تھا اور تقریباً دس ماہ قبل ملازمت چھوڑ چکا تھا۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر ملکی سم کارڈ اور موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے جو تاوان طلبی میں استعمال کیا گیا تھا۔ملزمان نے دورانِ تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
![]()