باچا خان ایک سچے مفکر تھے جنہوں نے پشتون قوم کو یہ پیغام دیا کہ ترقی اور کامیابی کا راستہ تلوار نہیں بلکہ قلم اور تعلیم ہے،میڈیا سے گفتگو
پشاور (نیوز رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں آل پاکستان اسفندیار ولی خان فٹبال ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے فائنل میچ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باچا خان کا دور علم، شعور اور ادب کا دور تھا۔ وہ ایک سچے مفکر تھے جنہوں نے پشتون قوم کو یہ پیغام دیا کہ ترقی اور کامیابی کا راستہ تلوار نہیں بلکہ قلم اور تعلیم ہے۔انہوں نے کہا کہ باچا خان نے پشتون قوم کے لیے سو سے زائد سکول قائم کیے اور سب سے پہلے اپنے بچوں کو انہی تعلیمی اداروں میں داخل کرایا۔ انہی اداروں سے ولی خان اور غنی خان جیسے رہنما سامنے آئے جنہوں نے قوم کی فکری و عملی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم نے ہمیشہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ہم عدم تشدد کے پیروکار ضرور ہیں لیکن کمزور ہرگز نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کو بھی اہمیت دینا عوامی نیشنل پارٹی کی پالیسی کا حصہ رہا ہے اور اے این پی نے نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے ہمیشہ یہ دونوں میدان مضبوط کرنے کی جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی نہایت تشویشناک ہے اور یہ سلسلہ بظاہر ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کی شکل میں شروع ہو رہا ہے، جس کا مقصد عوام میں خوف پھیلانا اور اُن آوازوں کو دبانا ہے جو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے بلند ہوتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امن، تعلیم اور ترقی عوام کا بنیادی حق ہے اور عوامی نیشنل پارٹی کسی صورت یہ حق غصب نہیں ہونے دے گی۔ پشتون عوام کو متحد ہو کر اپنی آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے کھڑا ہونا ہوگا، کیونکہ اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے