پولیس ٹیموں کی قبضہ مافیا سرغنہ لال شیر عرف لالے کے ڈیرے پر کارروائی،غیر قانونی ڈھانچوں اور مورچوں کو مسمار کردیا
شہریوں کی زمینوں پر ناجائز قبضے برداشت نہیں ہوں گے،ریاستی رٹ چیلنج کرنے والے عبرتناک انجام تک پہنچیں گے، پولیس
پشاور (کرائمز رپورٹر: مدثر زیب) کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے قبضہ مافیا اور منظم گینگز کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن مہم جاری ہے۔ایس پی رورل کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے بدنام زمانہ قبضہ مافیا سرغنہ لال شیر عرف لالے کے ڈیرے پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی ڈھانچوں اور مورچوں کو مسمار کردیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے واضح کیا ہے کہ قبضہ مافیا کو پشاور میں ہرگز جگہ نہیں دی جائے گی۔ شریف شہریوں کی زمینوں پر ناجائز قبضے کسی بھی صورت برداشت نہیں ہوں گے اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔کیپٹل سٹی پولیس کی جانب سے قبضہ مافیا اور بدمعاش عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی بلا امتیاز جاری رہیگی، اور اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار غیر قانونی قبضوں میں ملوث پایا گیا تو وہ پشاور پولیس کا حصہ نہیں رہے گا۔علاقہ مکینوں نے پولیس کے اس آپریشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ قبضہ مافیا کے خاتمے سے شہری سکون اور تحفظ کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرسکیں گے۔

![]()