معاون خصوصی گریڈ19 کی ڈی ای او کا تبادلہ کراکے گریڈ18 کی ڈپٹی ڈی ای او کی تعیناتی چاہتے تھے، انکار پر سیخ پا ہو گئے
پشاور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف نیک محمد وزیر نے مسلح افراد کے ہمراہ سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے دفتر پر دھاوابول دیا۔ سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خالد خان نے وزیراعلی اور چیف سیکرٹری کو صورتحال سے آگاہی کے لئے مراسلہ ارسال کر دیاجس میں کہا گیا ہے کہ معاون خصوصی نیک محمد وزیر شمالی وزیرستان کی ضلعی ایجوکیشن افسر (زنانہ) کا زبردستی تبادلہ کرکے من پسند جونیئر افسر کی تقرری چاہتے تھے۔لیکن سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خالد خان کے انکار پر معاون خصوصی سیخ پا ہوگئے اور دس پندرہ مسلح افراد کے ساتھ سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے دفتر میں گھس کر عملہ کو دھمکیاں دیں جبکہ سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خالد خان کو بھی کال کرکے برا بھلا کہا۔ مراسلہ میں مزید کہا گیا کہ معاون خصوصی گریڈ19 کی ڈی ای او کا تبادلہ کراکے گریڈ18 کی ڈپٹی ڈی ای او کی تعیناتی چاہتے تھے۔صورتحال کشیدہ ہونے پر ایلمینٹری ایجوکیشن سیکرٹریٹ افسران نے دفاتر بطور احتجاج اپنے دفاتر چھوڑ دیئے،مراسلہ کے مطابق ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سیکرٹریٹ کا سٹاف گھروں سے دفتری امور نمٹائے گاجبکہ ایلیمنٹری اینڈ ایجوکیشن سیکرٹریٹ میں مسلح افراد کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

![]()