
دبئی (طاہر منیر طاہر) بزم فکر اقبال انٹرنیشنل کے زیر اہتمام معروف اقبال شناس، ماہرِ اقبالیات اور اقبال اکادمی پاکستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کو ستارۂ امتیاز عطا کیے جانے کے اعزاز میں ایک پروقار آن لائن تقریبِ تہنیت و پذیرائی منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے محبانِ اقبال، شائقینِ اقبالیات، ممتاز اقبال شناسوں، ماہرینِ اقبالیات اور اہلِ علم و دانش نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


تقریب کی صدارت بزم فکر اقبال انٹرنیشنل کے سرپرستِ اعلیٰ بریگیڈیئر ڈاکٹر وحیدالزماں طارق نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی اور مہمانِ اعزاز معروف اقبال شناس ڈاکٹر طالب حسین سیال تھے۔ تقریب کی میزبانی اور نظامت کے فرائض بزم کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد قمر اقبال اور مرکزی جنرل سیکرٹری زین نوید نے انجام دیے، جبکہ بزم فکر اقبال سیالکوٹ کے صدر ڈاکٹر محمد عامر نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کی اقبالیات، ادب، تحقیق اور فکری رہنمائی کے شعبوں میں خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رفیقی نے فکرِ اقبال کے فروغ، تفہیم اور نئی نسل تک اس کے پیغام کی مؤثر ترسیل کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، جن کے اعتراف میں انہیں ستارۂ امتیاز سے نوازا جانا علمی و ادبی حلقوں کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کو خراجِ تحسین پیش کرنے والوں میں بریگیڈیئر ڈاکٹر وحیدالزماں طارق، ڈاکٹر طالب حسین سیال، ڈاکٹر زیب النساء سرویا، انجینئر عنایت علی، ڈاکٹر ساجد جاوید، ڈاکٹر اعظم راؤ، ڈاکٹر جواد احمد، ڈاکٹر محمد اسلام، ڈاکٹر فارحہ جمشید، ڈاکٹر محمد قمر اقبال اور زین نوید سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور دانشور شامل تھے۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی نے اپنے خطاب میں بزم فکر اقبال انٹرنیشنل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کا پیغام عصرِ حاضر کے فکری اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اقبال اکادمی پاکستان کی جاری اقبالیاتی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ نوجوان نسل میں فکرِ اقبال کے فروغ کے لیے جدید ذرائع سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔
صدارتی خطاب میں بریگیڈیئر ڈاکٹر وحیدالزماں طارق نے ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کی علمی، تحقیقی اور اقبالیاتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں نے اقبالیات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ستارۂ امتیاز کے حصول پر ڈاکٹر رفیقی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعزاز کو علمی و ادبی حلقوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
انہوں نے بزم فکر اقبال انٹرنیشنل کی سرگرمیوں اور فکرِ اقبال کے فروغ کے لیے اس کے کردار کو بھی سراہا اور اس نوعیت کی تقریبات کو علمی شعور کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر بزم فکر اقبال انٹرنیشنل کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد قمر اقبال نے تمام عہدیداران اور اراکین کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبالیات کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد آن لائن تقریب تھی، جس نے دنیا بھر میں موجود اہلِ فکر کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔
تقریب میں مقررین نے ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی کی علمی، تحقیقی اور اقبالیاتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ستارۂ امتیاز کے حصول کو ان کی خدمات کا قومی اعتراف قرار دیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فکرِ اقبال کے فروغ اور نئی نسل تک اس کے پیغام کی مؤثر ترسیل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔
![]()