آرتھوپیڈک سرجن سمیت متعدد ڈاکٹرز شدید زخمی، واقعہ کی ایف آئی آر درج کر لی گئی، واقعے کی انکوائری شروع
پشاور(کرائمز رپورٹر: مدثر زیب) حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میدان جنگ بن گیا، ڈاکٹرز کو بات چیت کے بہانے بلا کر متعدد افراد نے ہتھیاروں، ڈنڈوں اور چاقوؤں سے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایچ ایم سی میں ایک سپیشلسٹ آرتھو پیڈک سرجن سمیت پانچ ڈاکٹرز پر تشدد کا واقعہ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق ٹی بی سنٹر کے ڈائریکٹر مدثر شہزاد کی سرکردگی میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ ٹی بی سنٹر کے کلاس فور عملے اور بیرونی مسلح جتھے نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے احاطے میں آرتھوپیڈک یونٹ کے ڈاکٹرز کو ایک حل شدہ تنازعے کے مذاکرات کا جھانسہ دے کر بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ زخمی ڈاکٹرز و دیگر کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کر دیا گیا جہاں ان کو فوری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد فوری طور پر ایف آئی آر درج کر لی گئی اور ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ایچ ایم سی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا،ایچ ایم سی کے میڈیکل ڈائریکٹر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں پر ہونے والا حملہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ ڈاکٹرز کو بات چیت کے بہانے بلا کر شدید زخمی کیا گیا واقعہ بظاہر پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی ڈاکٹروں کو فوری اور پہلی ترجیح پر علاج فراہم کیا جا رہا ہے، اور اس واقعے کی باضابطہ اندرونی انکوائری بھی کی جائے گی۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے