کینٹ سرکل میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ، شہریوں نے متعدد تجاویزپیش کیں
سٹریٹ کرائمز، منشیات فروشی، مختلف معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے حوالے سے جامع تبادلہ خیال
پشاور (رپورٹ: مدثرزیب) جرائم کی موثرسرکوبی، شہریوں کو درپیش اجتماعی مسائل سے براہِ راست آگاہی حاصل کرنے اور ان کے بروقت حل کے سلسلے میں صدر کے علاقہ گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 میں ایس پی کینٹ ڈویژن عبد اللہ احسان کی سربراہی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں ڈی ایس پی کینٹ سرکل دوست محمد خان، ایس ایچ او تھانہ گلبرگ عبداللہ جلال، ایس ایچ او تھانہ غربی فہیم شاہ اور کینٹ سرکل کے دیگر پولیس افسران کے علاوہ بازاروں کے صدور، تاجران، موبائل ایسوسی ایشن، صراف ایسوسی ایشن، علاقہ معززین، علماء کرام اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے ایس پی کینٹ عبد اللہ احسان کو بازاروں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے، ٹریفک مسائل کے حل، تجاوزات کے خاتمے، صرافہ مارکیٹ کیلئے خصوصی ایس او پیز اور لائحہ عمل مرتب کرنے، نیز پولیس اور تاجروں کے مابین باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کیلئے رابطہ کمیٹی کو فعال کرنے سے متعلق متعدد تجاویز پیش کیں۔ایس پی کینٹ عبد اللہ احسان نے شرکاء کی جانب سے پیش کی گئی تمام تجاویز کو بغور سنا اور عوامی مفاد میں انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

کھلی کچہری کے دوران کینٹ سرکل میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ سٹریٹ کرائمز، منشیات فروشی، دیگر جرائم کے تدارک اور مختلف معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے حوالے سے جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء نے جرائم کی سرکوبی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، غیر قانونی اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، آئس اور دیگر منشیات فروشی، غیر قانونی کرایہ داروں کے خلاف مہم میں پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔کھلی کچہری میں شریک افراد نے معاشرے میں پائیدار امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Loading

Related Posts

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے