گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ پاکستان جیمز، منرل، مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی ایوارڈز تقسیم تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے جیمز و منرل کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی 34 ممتاز شخصیات میں ایوارڈز تقسیم کیے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا قیمتی معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، اور یہاں کی جیمز اسٹون انڈسٹری صوبے کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جیمز اسٹون کی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے پہاڑوں میں چھپے قیمتی جواہرات اور مقامی ہنرمندوں کی مہارت ایک عظیم نعمت ہے، جنہیں عالمی معیار کے مطابق تیار کر کے بین الاقوامی منڈیوں میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لہٰذا ان کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے امن ناگزیر ہے، اور وہ دن دور نہیں جب یہ صوبہ ترقی یافتہ اور خوشحال خیبرپختونخوا کے طور پر ابھرے گا۔گورنر نے عزم ظاہر کیا کہ خیبرپختونخوا کو ہنر، وسائل اور مواقع کے لحاظ سے پاکستان کا مضبوط ترین صوبہ بنایا جائے گا۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے