
بنوں ریجن کے ریجنل پولیس آفیسر (ڈی آئی جی) سجاد خان کی زیرِ صدارت طاؤس خیل کے مقامی عمائدین اور مشرانِ قوم کے ساتھ ڈی آئی جی آفس میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔ اس جرگے میں پولیس افسران، معتبر مشران اور مختلف قبائلی نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران امن و امان کی صورتحال، جرائم کے خاتمے، اور عوام و پولیس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ڈی آئی جی سجاد خان نے اپنے خطاب میں طاؤس خیل کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم ہمیشہ امن، بھائی چارے اور قانون کی پاسداری میں پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاؤس خیل کے نوجوان باشعور، محب وطن اور جرأت مند ہیں جو اپنے علاقے کے امن کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس عوام کے ساتھ مل کر ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ ڈی آئی جی سجاد خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے بنوں ریجن کو ایک پُرامن اور محفوظ خطہ بنایا جائے گا۔آخر میں مقامی مشران نے بھی پولیس کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
![]()