آرٹسٹوں کے دل سیلاب زدگان کے ساتھ یکساں دھڑک رہے ہیں، طارق جمال، شازمہ حلیم
پشاور(نیوز رپورٹر) آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کے سینئروائس چیئرمین طارق جمال نے پشاور پریس کلب میں آرٹسٹوں کی جانب سے پشاور کی مختلف سڑکوں پر خیبر پختونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے اکٹھا کیا گیا پانچ لاکھ تیس ہزار روپے کا چیک الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین خالد وقاص چمکنی کے حوالے کیا۔ اس موقع پر پشاور پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین اور سینئر ٹی وی آرٹسٹ طارق جمال اور جنرل سیکرٹری و سینئر اداکارہ شازمہ حلیم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہورہی ہے کہ فنکار برادری نے آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کی چھتری تلے پشاور کی سڑکوں پر کھڑے ہو کر خیبر پختونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے چند اکٹھا کیا اور کچھ فنکار برادری نے اپنی جیبوں سے رقم اکٹھی کی جو کل ملا کر پانچ لاکھ 30 ہزار روپے بنتی ہے،وہ آج ہم الخدمت فاؤنڈیشن کو پیش کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فنکار برادری کے دل بھی اپنے خیبر پختون خوا کے سیلاب زدگان کے دلوں کے ساتھ برابر دھڑک رہے ہیں اور ان کا درد ہم محسوس کرتے ہیں۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین خالد وقاص چمکنی نے خطاب کرتے ہوئے آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن جہاں بھی ہو فنکار برادری کی بلا تفرق خدمت جاری رکھے گی۔ خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی چھتری تلے ہونے والا سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام ”بنو قابل” میں فنکار برادری کے بچوں اور فنکاروں کوآئی ٹی سکل کی تعلیم دی جائے گی اور اس کے لیے الخدمت کے دروازے ان کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔ تقریب میں خیبر پختون خوا کے مختلف شہریوں سے آئے ہوئے سینئر فنکاروں نے شرکت کی اور سیلاب زدگان کی بہترین خدمات پر الخدمت فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے