برطانوی حکومت کا خیبرپختونخوا بالخصوص ضم اضلاع کے باصلاحیت و ہنرمند نوجوانوں کیلئے مزید تعاون درکار ہے، فیصل کریم کنڈی
پشاور (نیوز رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور،دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر خیبرپختونخوا سے حالیہ سیلاب سے صوبہ میں ہونیوالے جانی و مالی نقصانات پر افسوس و دلی ہمدردی کا اظہار کیا،گورنر خیبرپختونخوا نے ملک بھر میں سیلابی نقصانات پر برطانوی حکومت کی جانب سے امداد فراہمی پر برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ، پاک افغان صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور گڈگورننس سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا نے برطانوی ہائی کمشنر کو صوبہ کے قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بیش بہا قدرتی وسائل کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش حیثیت کا حامل ہے، برطانیہ سمیت تمام دوست ممالک کو دوطرفہ تجارتی تعاون و سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہتے ہیں، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ میں صنعتی و تجارتی ترقی، سرمایہ کاری کو فروغ دیکر حقیقی ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کا خیبرپختونخوا بالخصوص ضم اضلاع کے باصلاحیت و ہنرمند نوجوانوں کیلئے مزید تعاون درکار ہے، صوبہ میں پائیدار امن کیلئے وفاق و سیکیورٹی فورسز مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں، فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد خیبرپختونخوا کی مجموعی آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔

![]()