ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد،اشتہاریوں اور مطلوب ملزمان کیخلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کے احکامات
خیبر(نمائندہ خیبرنامہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن روح الامین، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن خیبر، تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں ضلع بھر کے جرائم کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ زیر التوا مقدمات کو بروقت نمٹایا جائے، تھانہ آنے والے شہریوں کی فوری داد رسی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور ایف آئی آر کے اندراج میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ تھانہ جات میں محرر و سٹاف چوبیس گھنٹے عوام کے لئے دستیاب رہیں گے۔ پرائیویٹ گنرز، لینڈ مافیا، منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔ اسی طرح ہوائی فائرنگ اور سوشل میڈیا پر بے حیائی پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ تفتیش مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے کیونکہ میرٹ پر تفتیش ہی غریب اور مظلوم عوام کو حقیقی داد رسی فراہم کر سکتی ہے۔ ڈی پی او نے مجرمان اشتہاریوں اور مطلوب ملزمان کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کرنے کے احکامات بھی دیے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محکمہ پولیس میں سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا، اچھے کام کو سراہا جائے گا جبکہ ناقص کارکردگی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ پوری لگن اور دیانتداری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔

![]()