خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں صوبے بھر میں خوراک کے معیار، حفظانِ صحت اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلی تصویر پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق، سال 2025 کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 92,312 مختلف خوردونوش سے منسلک کاروباروں کے معائنے کیے گئے۔ ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
فوڈ اتھارٹی کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں 413,888 کلوگرام اور لیٹرز غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراکی اشیاء تلف کی گئیں۔ ان میں جعلی مشروبات، ناقص دودھ، غیر معیاری گوشت، مصالحہ جات، آئل، گھی، پاپس، چپس اور بیکری آئٹمز شامل تھیں۔
حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 7,685 بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 142 خوراکی کاروباروں کو سیل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، خوراک سے منسلک کاروباروں کی بہتری کے لیے 89 تربیتی سیشنز اور 1,167 آگاہی سیشنز کا بھی انعقاد کیا گیا۔
سال 2025 کے دوران فوڈ اتھارٹی نے 40,932 نئے لائسنس جاری اور تجدید کیے، جبکہ 1,318 مختلف خوراکی پراڈکٹس کو باقاعدہ رجسٹر کیا گیا۔ پراڈکٹس رجسٹریشن، لائسنس فیس اور جرمانوں کی مد میں 253.8 ملین روپے کی آمدن حاصل کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معائنوں کے دوران کریانہ اسٹورز، بیکری شاپس، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، ڈیری شاپس، میٹ شاپس، فروٹس و سبزی شاپس، فاسٹ فوڈ پوائنٹس، فیکٹریز اور ڈسٹری بیوشن پوائنٹس سمیت تمام اقسام کے کاروباروں کو چیک کیا گیا۔
پبی، نوشہرہ اور حطار انڈسٹریل زون ہری پور میں جعلی مشروبات اور جعلی دودھ بنانے میں ملوث تین بڑی فیکٹریاں بند کر کے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری ضبط کی گئی۔
خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی پروانشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں 2,813 خوراکی نمونوں کی جانچ کی گئی، جن میں سے 2,074 نمونے تسلی بخش جبکہ 738 غیر معیاری قرار پائے۔ اسی طرح موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے 14,213 نمونے چیک کیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی واصف سعید کے مطابق، صوبے میں خوراکی اشیاء کی جانچ کے لیے سرکاری سطح پر اپنی نوعیت کی پہلی پروانشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سنٹر فار ریسرچ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے، جبکہ ادارے کے تقریباً تمام امور کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے