خصوصی کیمپ کا مقصد خواتین میں آگاہی پیدا کرنا، بروقت تشخیص کو فروغ دینا اور علاج تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے
پشاور (رپورٹ: مدثر زیب ) خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ہر سال کی طرح اس سال بھی بریسٹ کینسر آگاہی مہینہ بھرپور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے ایک ماہ طویل مفت بریسٹ سکریننگ کیمپ کا آغاز کیا ہے جو یکم اکتوبر سے 31اکتوبرتک جاری رہے گا۔اس سال بریسٹ کیئر یونٹ نے ایک منفرد پیغام کے ساتھ مہم کا آغاز کیا ہے:”سوئی سے تشخیص، آپریشن سے علاج ،علاج سے پہلے تشخیص کو ترجیح دیں”۔کیمپ میں خواتین کامفت معائنہ ، مفت بایوپسی پروسیجر،فری میموگرام اور چھاتی کے سرطان کے متعلق آگاہی اور رہنمائی سمیت دیگر خدمات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ، بریسٹ کیئر یونٹ کے زیرِ اہتمام ایک خاص سروائیورز گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں وہ خواتین شامل ہیں جو چھاتی کے سرطان سے کامیابی کے ساتھ صحت یاب ہو چکی ہیں۔ یہ گروپ دیگر خواتین کو نہ صرف علاج کے مراحل کے بارے میں رہنمائی فراہم کرے گا بلکہ انہیں حوصلہ اور اعتماد بھی دے گا۔اس خصوصی کیمپ کا مقصد خواتین میں آگاہی پیدا کرنا، بروقت تشخیص کو فروغ دینا اور علاج تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ بریسٹ کینسر جیسی جان لیوا بیماری سے زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچائی جا سکیں۔کیمپ ماہر بریسٹ و جنرل سرجری کنسلٹنٹس پروفیسر ڈاکٹر ماہ منیر خان(چیئرپرسن سرجری ڈپارٹمنٹ)اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ارم صابر(سرجری ڈپارٹمنٹ)کی زیرِ نگرانی جاری ہے۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صحت کو نظر انداز نہ کریں اور اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے