پشاور میں قیام امن کے لیے متحدہ امن کمیٹی کا کردار قابلِ تحسین اور مسلمہ ہے،میاں سعید احمد کی وفد سے گفتگو
پشاور (رپورٹر: مدثر زیب) ملک سعد شہید پولیس لائن میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ کی قیادت میں آنے والے متحدہ امن کمیٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، ایس ایس پی کوآرڈی نیشن خالد خان، ڈویژنل ایس پیز اور متحدہ امن کمیٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔سی سی پی او پشاور نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں قیام امن کے لیے متحدہ امن کمیٹی کا کردار قابلِ تحسین اور مسلمہ ہے۔شہریوں کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے متحدہ امن کمیٹی کے ممبرز کو ڈی آر سی میں بھی نمائندگی دی جائے گی، شہر میں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے میں متحدہ امن کمیٹی ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے۔مختلف مذاہب اور مسالک کا باہمی احترام پشاور کی ایک منفرد روایت ہے جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر اقلیتی برادری سمیت تمام مذہبی مقامات اور عبادتگاہوں کی سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے اس موقع پر متحدہ امن کمیٹی کے سربراہ مولانا حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ نے بھی شہر میں پرامن فضاء برقرار رکھنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا، اسلحہ نمائش، اور فحاشی پھیلانے والوں کے خلاف کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متحدہ امن کمیٹی پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔سی سی پی او پشاور نے متحدہ امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے مذہبی مواقع پر تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کسی کو بھی شہر کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے