
سوات (امان اللہ )سوات مینگورہ کے علاقے شاہدرہ چوک میں شاہدرہ اولسی جرگہ کی جانب سے فحاشی اور منشیات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں معززین علاقہ، عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جرگے کے عمائدین سٹی میئر شاہد علی خان، آفرین خان، عظمت علی، ایوب خان، نور محمد سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ شاہدرہ وتکے میں گزشتہ کچھ عرصے سے خواجہ سراؤں کے مبینہ فحاشی کے اڈوں کی سرگرمیوں کے باعث مقامی آبادی شدید ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا شکار ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال خصوصاً خواتین اور بچیوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں فحاشی اور منشیات پھیلانے والے عناصر کے خلاف مؤثر اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ امن و سکون بحال ہوسکے۔
جرگہ مشران نے ایسے مالکانِ مکان کو بھی خبردار کیا جو مبینہ طور پر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کو عمارتیں کرایے پر دیتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اگر انہیں اس عمل سے باز نہ آیا گیا تو انہیں عوامی سطح پر شدید ردِعمل اور احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اجتماع کے دوران متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ فحاشی یا منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار افراد کی ضمانت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ جرگے کے ذمہ داران نے واضح کیا کہ ایسے ضمانت کنندگان کو میڈیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا اور سماجی سطح پر ان سے تعلق ختم کیا جائے گا۔شرکاء نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ علاقے میں امن و امان کے قیام اور مشکوک سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔
![]()