
آج چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری بلدیات، ڈی جی پی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ بلدیات کے گڈ گورننس روڈمیپ اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ستمبر 2025 کے تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں اور پشاور کی خوبصورتی و بحالی، حیات آباد ماڈل سیکٹر، نیو جنرل بس سٹینڈ کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ حیات آباد پشاور میں شہریوں کو مختلف خدمات کی فراہمی کے لیے 15 نومبر سے سروس ڈیلیوری یونٹ کام شروع کر دے گا۔
اسی طرح، جی ٹی روڈ اور رنگ روڈ پر 16 نومبر سے پیچ ورک، لین مارکنگ، کیٹ آئیز، روڈ فرنیچر، پولز میں لائٹس کی تنصیب اور فٹ پاتھ کی بحالی کا کام شروع ہو گا۔ پی ڈی اے نے صوبائی حکومت کے پارکس کی اپ گریڈیشن کے اقدام کے تحت پشاور میں 76 سے زائد پارکس پر ترقیاتی کام شروع کر دیا ہے۔ رنگ روڈ مسنگ لنک ناردرن سیکشن پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پورے صوبے میں مویشی منڈیوں، سبزی منڈیوں، بس ٹرمینلز، نالوں کی صفائی اور خوبصورتی و بحالی کے اقدامات جاری ہیں۔ پشاور کوہاٹ روڈ پر بس ٹرمینل کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ رنگ روڈ پر ذبح خانے کو بہتر بنایا جائے گا۔
علاوہ ازیں، ایبٹ آباد میں سبزی منڈی، پشاور پخہ غلام نالہ محمدزئی کی صفائی، جی ٹی روڈ پر کالا مویشی منڈی کی صفائی اور شیڈز کی تعمیر، ضلع سوات میں خوازہ خیلہ ڈیری بابا روڈ پر نالے کی صفائی اور جمرود خیبر میں جمرود بازار میں پانی کھڑا ہونے کی جگہ کی کلیرنس کے کام بھی جاری ہیں۔
![]()