مافیا کی سرپرستی چیف سیکرٹری پنجاب کر رہے ہیں، فیلڈ مارشل نوٹس لیں، انکوائری کرائی جائے، نعیم بٹ
پشاور(مدثر زیب سے) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر فضل مقیم اور صوبائی چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نعیم بٹ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو گندم کی ترسیل پر پابندی پنجاب حکومت کا غیرآئینی اقدام ہے،خیبرپختونخوا کیلئے آٹے و گندم کی ترسیل پر پابندی لگانے کو مسترد کرتے ہیں، ہم اپنے ہی ملک میں حالت جنگ میں ہیں، کہیں زلزلے آ رہے ہیں تو کہیں سیلاب۔ چیمبر آف کامرس پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضل مقیم نے کہا کہ آٹے کی بوری کی قیمت میں آٹھ سو روپے اچانک اضافہ کر دیا گیا لوگ راتوں رات ارب پتی بن گئے۔یہ اقدام پنجاب کی دہشتگردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منافع خور پیسہ بنا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت پنجاب کی اس دہشتگردی کا نوٹس لے۔ بصورت دیگر گھر چلی جائے اور نئے الیکشن کرائے جائیں۔مشترکہ پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے صوبائی چیئرمین نعیم بٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی سرحد پر خیبرپختونخوا جانے والے آٹے اور گندم کے ٹرک زبردستی روکے جا رہے ہیں،اس پابندی کے نتیجے میں خیبرپختونخوا میں فوری طورپر گندم اور آٹے کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔ فلور ملز انڈسٹری سب سے پہلے اس کا شکار ہے کیونکہ ملوں کو اپنی ضرورت کے مطابق گندم دستیاب نہیں ہو رہی۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس سارے کھیل کے پیچھے مافیا ہے جس کی سرپرستی چیف سیکرٹری پنجاب اخترزمان کررہے ہیں۔ پنجاب کی اوپن مارکیٹ میں وافر گندم موجود ہے اس کے باوجود پنجاب حکومت کی غیر قانونی پابندی سمجھ سے بالاتر ہے۔ یہ اقدام نہ صرف عوام دشمن ہے بلکہ قومی یکجہتی کے بھی خلاف ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب مافیا کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منافع کے لئے نہیں بلکہ لوگوں کی ضرورت کے لئے گندم خریدتی ہے۔ ملک میں وافر مقدار میں گندم موجود ہے۔ لوگوں کو مالی ٹارچر کیا جا رہا ہے۔پنجاب سے گندم کی پابندی فی الفور ہٹائی جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈمارشل عاصم منیر قومی یکجہتی توڑنے والے گندم کی بین الصوبائی نقل وحرکت روکنے کے مرتکب چیف سیکرٹری پنجاب اختر زمان کو عہدے سے ہٹائے اور ان کے خلاف انکوائری کرائی جائے۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے