کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تین روزہ نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا
پشاور(مدثرز یب سے) پشاور میں جاپان کی جارحیت کے خلاف چین کی کامیابی کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر تصویری نمائش شروع ہو گئی ہے۔ نمائش کا اہتمام چینی سفارت خانہ کی جانب سے چائنہ ونڈو میں کیا گیا ہے۔یہ نمائش تین روز جاری رہے گی جس میں چین کی جانب سے جاپانی کے خلاف مزاحمت سے متعلق یادگار تصاویر رکھی گئی ہیں جو ہر عام و خاص کی توجہ کا مرکز ہیں۔نمائش کا باضابطہ افتتاح کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چین بین الاقوامی سطح پر ایک معاشی طاقت کے طور ابھر رہا ہے جس کی بنیادی وجوہات سیاسی حکمتِ عملی، معاشی اصلاحات، ٹیکنالوجی میں ترقی اور عالمی تعلقات میں بہترین اقدامات ہیں۔ کمشنر پشاور نے کہا کہ چین نے جاپان کی جارحیت کے خلاف کامیابی بڑی طویل اور کٹھن جدوجہد کے بعد حاصل کی۔اس کامیابی کے 80 سال مکمل ہو نے پرچینی سفارت خانہ کی جانب سے ملک بھر میں تصویری نمائشوں کا انعقاد لائق ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ 1937میں جب جاپان نے چین پر مکمل حملہ کیاجسے ”سیکنڈ سینو۔جاپانیز وار” کہا جاتا ہے تو چین نے آٹھ سال تک سخت مزاحمت کی۔ عام عوام، طلبہ، کسان، مزدور سب نے جنگ آزادی میں حصہ لیا یہی وجہ ہے چین اپنی کامیابی کی سالگرہ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ مناتا ہے۔ ریاض خان محسود نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے تہواروں اور اہم مواقع پر تقریبات کا انعقاد اس دوستی کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا۔ اس قسم کی نمائشیں جہاں عوامی جمہوریہ چین کی کامیابیوں سے آگہی کا باعث بنتی ہیں وہیں پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شرکت کا موقع فراہم کرتی ہیں جس پر بلاشبہ چائنہ ونڈو کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ سکولوں کے بچے اور بچیاں بڑی تعداد میں اس نمائش کو دیکھنے کے لئے آئیں گے اور اس اہم واقعہ سے متعلق آگاہی حاصل کریں گے۔

Loading

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے